Thursday, December 1, 2022

ریحام خان کا لندن میں میڈیا کانفرنس شو ناکام‘ ہوٹل سے نامعلوم مقام پر منتقل

ریحام خان کا لندن میں میڈیا کانفرنس شو ناکام‘ ہوٹل سے نامعلوم مقام پر منتقل
لندن (92نیوز) عمران خان کی طرف سے ریحام خان کو طلاق دینے کی خبر کے بعد لندن میں ہونیوالی میڈیا کانفرنس شو فلاپ ہو گیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کے بائیکاٹ کے باعث لوگوں کی عدم شرکت۔ ہال میں کم لوگوں کی وجہ سے ریحام خان نے عین موقع پر کانفرنس میں جانے سے انکار کردیا اور ہوٹل سے نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ریحام خان کو طلاق ملنے کی خبر کے بعد لندن میں ہونیوالی میڈیا کانفرنس کا شو بری طرح فلاپ ہو گیاہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے کانفرنس کے بائیکاٹ کے بعد ہال خالی رہا جبکہ کانفرنس کے مین سپانسرز نے بھی اپنی سپانسر شپ واپس لے لی۔ کانفرنس ہال میں پانچ سو افراد کے لئے انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کانفرنس میں صرف گنتی کے چند افراد موجود تھے جس کی وجہ سے منتظمین کو بھاری نقصان کے علاوہ جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان نے ریحام خان کو اس کانفرنس میں شرکت سے منع کیا تھا جس پر انہوں نے ضد کی اور شرکت کےلئے گزشتہ روز لندن پہنچ گئیں۔ ریحام خان اور ان کی دونوں بیٹیوں کے ہوائی ٹکٹ اور ہوٹل میں قیام کا بندوبست تحریک انصاف لندن کے صدر اور کانفرنس کے مرکزی سپانسر وحید الرحمان میاں نے کئے تھے۔ آج میڈیا پر عمران اور ریحام خان کے درمیان طلاق کی خبر نشر ہونے کے بعد وحید الرحمان میاں سمیت تحریک انصاف کے تمام کارکنان پیچھے ہٹ گے تھے جبکہ ریحام خان نے کانفرنس میں لوگوں کی عدم شرکت کی وجہ سے عین موقع پر جانے سے انکار کردیا اور ہوٹل سے کسی نامعلوم مقام پر روانہ ہو گئیں۔