Monday, December 4, 2023

رہنما ایم کیوایم بابر غوری دبئی پہنچ گئے‘ جلد گرفتاری کا امکان

رہنما ایم کیوایم بابر غوری دبئی پہنچ گئے‘ جلد گرفتاری کا امکان
March 27, 2016
کراچی (92نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر بابر غوری دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی جلد گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بابر غوری پر زمینوں پر قبضے‘ ٹارگٹ کلنگ اور چائنا کٹنگ کے الزامات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بابر غوری جمعہ کے روز دبئی پہنچے تھے۔ ان کی آمد کے ساتھ ہی حساس ادارے حرکت میں آگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابرغوری کو حراست میں لینے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان پر زمینوں پر قبضے‘ ٹارگٹ کلنگ اور چائنا کٹنگ کے الزامات ہیں۔ امکان ہے کہ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ بابر غوری ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے صولت مرزا کا ویڈیو بیان منظر عام پر آنے کے بعد بیرون ملک چلے گئے تھے۔ صولت مرزا نے جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم کے روبرو بیان میں الزام لگایا تھا کہ بابرغوری شاہد حامد کے قتل کی منصوبہ بندی میں شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے الزامات کی تصدیق فروری میں گرفتار ہونے والے ملزم منہاج قاضی نے بھی دوران تفتیش کر دی ہے۔ منہاج قاضی شاہد حامد قتل کیس میں صولت مرزا کا شریک ملزم بھی تھا اور اس وقت نوے روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں ہے۔