رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی کی پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیر حسین بخاری سے ملاقات

اسلام آباد (92 نیوز) رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی کی پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیر حسین بخاری سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئیر بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ایف حکومت کو گھر بھیجنے پر متفق ہیں۔ طریقہ کار پر مشاورت ہو رہی ہے۔ اے پی سی بلانے سے متعلق بھی بات چیت چل رہی ہے۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو گھر بھیجنا ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ پیپلز پارٹی سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
اپوزیشن رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت سے نجات طے شدہ بات ہے۔ مذاکرات سے متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ حکومت مخالف تحریک سے متعلق مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔