روس میں فٹبال ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں
ماسکو ( 92 نیوز) دنیائے فٹبال کا سب سا بڑا میلہ سجنے والا ہے اور ایسے میں شائقین کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے ، روس میں فٹبال ورلڈ کپ میچ دیکھنے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں صرف ٹکٹ کی ضرورت ہو گی ، ٹکٹیں قرعہ اندازی کے ذریعے بیچی جا رہی ہیں ۔
شائقین فیفا ورلڈ کپ 2018 میں بغیر ویزا روس جا کر فٹبال کے سنسنی خیز میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے ، فیفا ویب سائٹ کے مطابق جس کے پاس میچ کا ٹکٹ اور فین آئی ڈی موجود ہوگا اسے ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی،فین آئی ڈی کے ذریعے روس میں ورلڈ کپ کیلئے چلنے والی خصوصی ٹرینوں پر سفر بھی مفت کیا جاسکے گا۔
فٹبال ورلڈ کپ کی ٹکٹیں قرعہ اندازی کے ذریعے بیچی جا رہی ہیں اور ان کی قیمت 105 ڈالر سے لے کر 1450 ڈالر تک ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ 14جون سے روس میں شروع ہو گا جبکہ فیصلہ کن معرکہ 15جولائی کو کھیلا جائے گا۔