روس اور امریکا میں شام کی فضائی حدود میں طیاروں کے اتفاقیہ ٹکراؤ سے بچاؤ کا معاہدہ، متن خفیہ رکھا جائیگا: ترجمان پینٹاگان

واشنگٹن (ویب ڈیسک) روس اور امریکا کے درمیان شام کی فضائی حدود میں طیاروں کے اتفاقی ٹکراؤ سے بچاؤ کا معاہدہ طے پا گیا۔
پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک کا کہنا ہے کہ معاہدے کا متن ماسکو کی درخواست پر خفیہ رکھا جائے گا لیکن معاہدے کے مطابق دونوں جانب سے مواصلات اور زمین پر ایک ہاٹ لائن کے قیام کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے تاہم دونوں ممالک اپنے اہداف کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ نہیں کریں گے۔
ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ معاہدے کی رو سے دونوں ممالک کے طیارے ایک دوسرے سے محفوظ حد تک فاصلے پر رہیں گے۔ ادھر روسی نائب وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ معاہدہ متعدد اصول وضوابط پر مشتمل ہے جس کا مقصد امریکی اور روسی طیاروں کے درمیان ٹکراؤ کے واقعات کی روک تھام ہے۔