Friday, September 20, 2024

روسی پارلیمنٹ نے پیوٹن کو ملک سے باہر فوج بھجوانے کا اختیار دیدیا

روسی پارلیمنٹ نے پیوٹن کو ملک سے باہر فوج بھجوانے کا اختیار دیدیا
September 30, 2015
ماسکو (ویب ڈیسک) روس کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے متفقہ طور پر روسی صدر کو ملک سے باہر فوج تعینات کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے شامی ہم منصب کی طرف سے فوجی مدد کی درخواست پر پارلیمنٹ سے فوج ملک سے باہر تعینات کرنے کا اختیار مانگا تھا۔ تفصیلات کے مطابق روسی ایوان صدر کرملن کے اعلیٰ اہلکار سرگئی ایوانوف نے کہا کہ صدر کی طرف سے موصول ہونے والی درخواست کے حق میں 162 ووٹ ڈالے گئے جبکہ کسی رکن نے مخالفت میں ووٹ نہیں ڈالا اور نہ ہی کوئی رکن رائے شماری کے دوران غیرحاضر ہوا۔ سرگئی ایوانوف نے کہا کہ شام کے صدر بشارا لاسد نے روسی صدر ولادمیر پیوٹن سے فوجی امداد کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روسی فوج کو روس کے مفادات کے تحفظ کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ روسی فیڈریشن کی کونسل کی سپیکر ویلنٹینا میٹونکونے کہا ہے کہ اس معاملے پر بند کمرے میں غور کیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق روس نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے جنگی طیارے فوری طور پر شام چھوڑ دیں۔ دوسری طرف پیرس کے پراسکیوٹر آفس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس نے شام کے صدر بشارالاسد کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔