Tuesday, April 30, 2024

رواں سال 500 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

رواں سال 500 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
December 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو کہا کہ رواں سال 500 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری جدوجہد میں نہتے لوگ شامل ہیں،ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں۔آٹھویں جماعت کے طالب علم اور ایم بی اے کرنے والے نوجوان کو شہید کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ روز کے واقعے میں چودہ بے گناہ کشمیری شہید اور تین سوزخمی ہوگئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رواں سال کے دوران تقریباً پانچ سوبے گناہ کشمیری شہید کیے جاچکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے معاملے پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہےاور دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کرائے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ' اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خطوط لکھے جن میں ان سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلندکرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں پر بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فوری مداخلت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی ہے کہ کشمیر کے بارے میں اسلامی ممالک کے وزارتی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس بلایاجائے جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں پر بھارتی مظالم ا جاگر کرنے کیلئے آئندہ سال پانچ فروری کو لندن میں کشمیر کے بارے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر بھی غور کررہے ہیں۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر ایک مہم شروع کریں۔