رواں سال ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت کرینگے

لاہور (92نیوز) وزارت حج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے زائدافراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی اپریل کے آخر میں شروع ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کا پاسپورٹ اکتیس مارچ دوہزار سترہ تک کارآمد ہونا لازمی ہے جبکہ حج کی درخواستیں پاسپورٹ بنوانے کی رسید کے بغیر جمع نہیں ہوں گی۔
وزارت کے ذرائع کے مطابق رواں برس ایک لاکھ تینتالیس ہزار تین سو اڑسٹھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے آدھے گورنمنٹ سکیم جبکہ باقی نصف پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کریں گے۔
وزارت نے ہدایت کی ہے کہ حج پر جانے کے خواہشمند افراد اپنے خون کا گروپ بھی معلوم کر لیں۔ رواں سال مناسک حج جمعہ نو ستمبر سے شروع ہو گا جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہفتہ دس ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔