Saturday, January 29, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

رواں برس پاکستان نے کھیل کے میدانوں سے کئی کامیابیاں سمیٹیں

رواں برس پاکستان نے کھیل کے میدانوں سے کئی کامیابیاں سمیٹیں
December 25, 2016

لاہور (92نیوز) دو ہزار سولہ پاکستان کیلئے کھیل کے میدانوں سے کئی خوشیاں لے کر آیا۔ دوہزار سولہ میں پاکستان کرکٹ نے کئی کامیابیاں سمیٹیں۔ فروری میں پاکستان کی ٹی ٹوینٹی لیگ پی ایس ایل کا میلہ سجا جس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نمبرون ہونے کا اعزاز حاصل کرکے مصباح الیون نے قوم کو خوشی منانے کا موقع فراہم کیا۔

علیم ڈار نے سو ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تو محمد عامر نے پابندی ختم ہونے پر پانچ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ قدم رکھا۔ آفریدی کے لیے یہ سال پریشان کن رہا۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بوم بوم کو استعفا دینا پڑا۔

بورڈ نے ٹیم کی کمان سرفراز کو سونپ دی۔ پاکستان نے دوہزار سولہ میں دس ٹیسٹ میچ کھیلے، چار جیتے جبکہ چھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی میں کارکردگی ملی جلی رہی۔ ہاکی میں قومی ٹیم قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ بہترین کارکردگی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا  رہی۔

پاکستانی باکسر محمد وسیم دوہزار سولہ میں چھائے رہے۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسنگ کے بے تاج بادشاہ نے حکومتی سرپرستی کے بغیر ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ کا ٹائٹل نہ صرف جیتا بلکہ کامیابی سے دفاع بھی کیا۔

علومی کریم نے مکسڈ مارشل آرٹس میں پاکستانی پرچم سربلند کیا۔ برازیل میں ریو اولمپکس کےنام سے دنیائے کھیل کا سب سے بڑا میلہ سجا۔ پاکستانی کھلاڑی میڈل تو دور کوالیفائنگ راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکے۔