Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

رمضان شوگر ملز کیس میں نیب اور شہباز شریف کے وکیل کے دلائل مکمل

رمضان شوگر ملز کیس میں نیب اور شہباز شریف کے وکیل کے دلائل مکمل
February 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر نیب اور شہباز شریف کے وکیل نے دلائل مکمل کر لئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد پر مشتمل دو رکنی نے بنچ شہبازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملز نے آلودہ پانی کے نکاس کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا۔ ملز کوفائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری خرچ سے نالہ تعمیر کیا گیا ، جس جگہ نالہ بنایا گیا وہاں کوئی آبادی نہیں ، صرف رمضان شوگر ملز ہے۔ نالے کی تعمیر کے لئے مرکزی سڑک کو کاٹ دیا گیا۔ عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس کیس میں حمزہ شہباز بھی ملزم ہیں۔ عدالت کے پوچھنے پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا حمزہ شہباز مکمل تعاون کر رہے ہیں اس لیے وارنٹ جاری نہیں کیے۔ نیب صرف انہی کو گرفتار کرتا ہے جو تفتیش میں رکاوٹوں کا باعث بنے۔ شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کہ نالہ رمضان شوگر ملز کوفائدہ پہنچانے کے لیے نہیں بلکہ سات مختلف آبادیوں کے لیے بنایا گیا۔ نیب کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر کیس بنائے گئے۔ عدالت درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔ نیب اور شہباز شریف کے وکلا کےدلائل مکمل ہونے پر عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ شریک ملزم فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت پر بحث کے لئے وکلا کو بھی طلب کر لیا۔