Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز کے گرد نیب کا شکنجہ سخت

رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز کے گرد نیب کا شکنجہ سخت
February 2, 2019
لاہور (92 نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے گرد نیب کا شکنجہ مزید سخت ہوگیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایک اور ریفرنس تیار کر لیا گیا۔ نیب لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس  میں  تحقیقات  مکمل کرکے کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نیب لاہور میں ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی زیر صدارت بورڈ کی اہم میٹنگ ہوئی جس میں بڑے فیصلے کئے گئے ۔ رمضان شوگر ملز کیس میں  ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں۔ ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت دائر کیا جائیگا۔ ادھر  نیب لاہور نے سابق پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم  فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس  کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں ۔ ملزم فواد حسن فواد پر اختیارات کے ناجائز استعمال  سے مبینہ طور پر ایک ارب سے زائد مالیت کے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر  ملزم علی جہانگیر صدیقی  کیخلاف ایزگارڈ نائن کمپنی کیس میں جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔ ملزم علی جہانگیر صدیقی اور ڈائریکٹر پر مبینہ طور پر کم و بیش 11 ارب روپے کے غبن کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور   کا کہنا تھا کہ نیب کا عزم لوٹی گئی عوامی دولت کی واپسی اور "شفاف پاکستان" کا قیام ہے۔ تمام میگا کرپشن مقدمات کی انتہائی شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات جاری  ہیں  جنہیں جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔