Friday, January 27, 2023

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آج آپریشن روکا تو کل قبضے ہو جائیں گے،سپریم کورٹ

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آج آپریشن روکا تو کل قبضے ہو جائیں گے،سپریم کورٹ
کراچی ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں آپریشن  جاری رکھنے کاحکم دے دیا ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کراچی میں تجاوزات کےخلاف آپریشن نہیں رکے گا ، سیاسی وجوہات آڑے آجاتی ہیں ، آج روک دیا تو کل پھر قبضے ہوجائیں گے ، متاثرین کو متبادل جگہ دینے کا انتظام سندھ حکومت خود کرے ۔ سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں نظر ثانی درخواست پر چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ گھر اور تجارتی جگہوں پر تجاوزات کو فی الحال نہ گرائیں، کل صبح تک میئرکراچی ، وفاق اور صوبائی حکومت پلان بنا کر لائیں ۔ سپریم کورٹ نے  کراچی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت  کرتے ہوئے   میئر کراچی کی کارکردگی کو سراہا ۔ چیف جسٹس نے میئر کراچی سے کہا کہ   آپ کو مکمل سپورٹ کریں گے ، اگر آج آپریشن روکا تو آئندہ نہیں ہوسکے گا ۔ جبکہ متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنا سندھ حکومت کا کام ہے ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ  میئر کراچی سیاسی کیریئر داؤ پر لگاکر کام کررہے ہیں ، لیکن سندھ حکومت کو میئر کی کارکردگی کا احساس نہیں ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے امن و امان کی صورتحال کیسے خراب کرادی ، وفاقی حکومت کے کوارٹرز خالی کرانے کے حکم پر ہنگامے شروع ہوگئے ، کیا قبضہ مافیا کو ہنگاموں پر چھوڑ دیں،اگر آج روک دیا تو پھر قبضے ہوجائیں گے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ گھروں کو گرانے کا اختیار نہیں اور آپریشن روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ میئر وسیم اختر کا کہنا تھا شہر کے تمام پارکس اور نالے کلیئر کروائے جائیں گے  ۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا میئر کراچی بہت تیزی سے تجاوزات گرا رہے ہیں ، آپریشن 4 ہفتے کیلئے روکا جائے ۔ چیف جسٹس نے کہا کیا یہ ہے سندھ حکومت کی اپروچ  ، کیا سندھ حکومت قبضوں کو قانونی تحفظ دینے کا کہنا چاہتی ہے ؟۔عدالت نےسماعت کل تک ملتوی کردی۔