رشید گوڈیل کی حالت بہتر مگر خطرہ اب بھی ان کی زندگی کے ساتھ جڑا ہے: ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال

کراچی (92نیوز) لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل کی حالت کافی بہتر ہوئی ہے تاہم خطرے سے خالی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے بتایا کہ رشید گوڈیل کی حالت رفتہ رفتہ بہتر ہوتی جا رہی ہے۔
نہ صرف ان کا جسم حرکت کر رہا ہے بلکہ انہوں نے ڈاکٹرز سے اشاروں میں بات چیت بھی کی تاہم خطرے سے خالی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ رشیدگوڈیل کو آج نلکی سے تھوڑا سا پانی بھی پلایا گیا۔
میڈیکل بورڈ اجلاس میں تمام تر رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئی سی یو سے جنرل وارڈ شفٹ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائےگا۔ انجم رضوی کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل کے زخم گہرے ہیں، بہتری میں وقت لگے گا۔
گردن میں ہونےوالی سوجن بھی کم ہو رہی ہے۔ مختلف شعبہ جات کے ماہر اور اسپیشلسٹ ڈاکٹرز ایک بار پھر رشید گوڈیل کا طبی معائنہ کریں گے۔