راؤ انوار کیلئے بی کلاس دینے کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت کے دوران راؤ انوار کو آج بھی ٹھاٹ باٹھ کے ساتھ پیشی کیلئے لایا گیا ، عدالت نے ملزم کیلئے بی کلاس دینے کا فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت 9 جون تک ملتوی کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب قتل کیس کی سماعت ہوئی ، مرکزی ملزم راؤ انوار آج بھی سماعت کیلئے شاہانہ انداز سے عدالت پیش ہوا جس کے ہاتھ میں ہتھکڑی لگائی گئی اور نہ ہی قیدیوں کی مخصوص اورنج جیکٹ پہنائی گئی ۔
قتل کیس کا ملزم فول پروف سیکیورٹی میں بکتربند سے افسر کی طرح اترا اور سیدھا وکلاء کی طرف چل پڑا ، پولیس اہلکار اِدھر اِدھر کی آوازیں لگاتے رہے، لیکن راؤ انوارنے ایک نہ سنی ۔
تفتیشی افسر کی عدم پیشی اور ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا لیٹر پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ، جبکہ تفتیشی افسر کی جانب سے پیش نہ ہونے کی درخواست جمع کرائی گئی ۔
عدالت نے سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت شعیب شوٹر سمیت 12 سے زائد مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔
عدالت نے جیل رولز بُک کی عدم موجودگی کے باعث بی کلاس کا فیصلہ مؤخر کردیا اور راؤ انوار کے وکلاء کو جیل رولز کی بُک پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 جون تک ملتوی کردی ۔