Saturday, July 27, 2024

راؤ انوار کو معطل کر دیاگیا، نقیب کو اغوا کر کے قتل کرنے کے حقائق بھی سامنے آگئے

راؤ انوار کو معطل کر دیاگیا، نقیب کو اغوا کر کے قتل کرنے کے حقائق بھی سامنے آگئے
January 29, 2018

کراچی ( 92 نیوز )  انکاونٹر اسپیشلسٹ راؤانوار کو  معطل کر دیا گیا  ۔ پولیس کے گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں ۔ راؤ انوار کی گرفتاری کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف کل کا دن باقی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کہتے ہیں راؤ انوار کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔ نقیب کو کس نے اٹھایا، کہاں سے اٹھایا،کتنی رقم کا تقاضہ کیا گیا، کس کے سامنے پیشی ہوئی؟۔  نقیب کے ساتھ اٹھائے جانے والے 2 نوجوانوں نے عدالت کو سب کچھ بتادیا۔

نوجوانوں نے بیان دیا کہ نقیب اور ہم نے ہوٹل پر چائے کا آرڈر دیا ہی تھا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیکر سچل چوکی منتقل کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا ۔

نقیب سے دس لاکھ رشوت مانگی گئی، چوکی انچارج اکبر ملاح نے کہا راؤ انوار تمہیں جنت بھجوائے گا ۔ آنکھوں پر پٹی باندھ کر بڑے افسر کے پاس پیش کیا گیا،ہم نے افسر کی آواز سنی۔

دونوں نے بتایا کہ 72 گھنٹے بعد ہمیں یہ کہہ کر چھوڑا گیا کہ نقیب کا نام کسی کو مت بتانا،17 جنوری کو پتہ چلاکہ نقیب مقابلے مارا گیا ۔

ٹی وی پر آواز سن کرپتہ چلاکہ ہمیں راؤ انوار کے سامنے پیش کیا گیا تھا،ادھر سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار اور ایس پی انوسٹی گیشن الطاف سرور کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایڈشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کہتے ہیں راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کریں گے ۔  دوسری جانب راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر مارا گیا چھاپہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا ۔ سپریم کورٹ نے راؤ انوار کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔