راولپنڈی میں ڈینگی کے پھیلاﺅ کی وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی قائم
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مرض میں اضافے کی وجوہات کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوتاہی کے حوالے سے بھی تحقیقات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی اس ضمن میں ذمہ داروں کا تعین کرکے وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
کمیٹی کے دیگر اراکین میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیصل مسعود، کمشنر ساہیوال ڈویژن اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ شامل ہیں۔
وزیراعلی نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مرض کی روک تھام کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کی غفلت قابل افسوس امر ہے جو بھی غفلت کا ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔