Thursday, October 6, 2022

راولپنڈی میں پولیس اہلکار کی اسپتال میں فائرنگ، باپ ،بیٹا ہلاک

راولپنڈی میں پولیس اہلکار کی اسپتال میں فائرنگ، باپ ،بیٹا ہلاک
راولپنڈی ( 92 نیوز) راولپنڈی کے اسپتال بھی غیر محفوظ ہوگئے۔پولیس اہلکار ڈی ایچ کیو اسپتال میں داخل ہوا اور زیرعلاج باپ بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس ابھی تک پیٹی بھائی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے،میتیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ راولپنڈی کے اسپتالوں میں اندھیر نگری،چوپٹ راج ۔  کہنے کو تو درجنوں سکیورٹی گارڈ لیکن مریض پھر بھی محفوظ نہیں،ڈی ایچ کیو اسپتال کی ایمرجنسی میں پولیس اہلکار تحسین داخل ہوا اورکلرسیداں سے آئے باپ بیٹا لہراسب اور نوید کو قتل کردیا۔ تھانہ پیر ودہائی میں تعینات پولیس اہلکار تحسین طارق نے فرار ہوتے ہوئے روکنے والے پولیس اہلکار پر بھی فائرنگ کی تاہم وہ محفوظ رہا، ینگ ڈاکٹرز نے اسپتال عدم تحفظ اور خوف و ہراس کے باعث بند کر دیا، وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر سرمد نے کہا ایسے حالات میں کام کرنا ممکن نہیں۔ ایس پی راول ڈویژن محمد آصف اور ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم اتنا بڑا واقعہ ہونے کے باوجود تاخیر سے پہنچے،دونوں نے میڈیا کوبھی موقف دینے سے گریز کیا۔ ملزم تحسین طارق کا تعلق راولپنڈی سے ہونے کے باوجود ابھی تک گرفتار نہ کیا جاسکا۔