Thursday, December 8, 2022

"رانا ثناءاللہ کے کہنے پر لیگی رہنما بھولا گجر کو قتل کیا"

"رانا ثناءاللہ کے کہنے پر لیگی رہنما بھولا گجر کو قتل کیا"
فیصل آباد (92نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری شیرعلی کی جانب سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوتے دکھائی دینے لگے۔ لیگی رہنما اصغر علی بھولا گجر قتل کیس کے مرکزی مجرم نوید کمانڈو نے اعترافی بیان میں انکشاف کیاہے کہ اس نے بھولا گجر کو رانا ثناءاللہ کے کہنے پرقتل کیا اور منصوبہ بندی بھی صوبائی وزیر کے ڈیرے پر ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چودھری شیرعلی نے تو رانا ثناءاللہ پر 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا الزام لگایا تھا، لیگی رہنمابھولا گجر قتل کیس کے مرکزی مجرم نوید کمانڈو نے اعتراف کرلیا ہے کہ اس نے یہ قتل وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے کہنے پر کیا، اس کی منصوبہ بندی بھی وزیر موصوف کے ڈیرے پر ہی کی گئی۔ نوید کمانڈو جسے چند روز قبل ہی خصوصی عدالت سے بھولا گجر قتل کیس میں چار مرتبہ سزائے موت سنائی گئی ہے، اس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد اس نے رانا ثناءکو وائبر کے ذریعے اطلاع کی اور اسلحہ ان کے ڈیرے پر جمع کرایا تھا۔ نوید کمانڈو کا یہ بیان تبدیل ہونے والے ایک اعلی پولیس آفیسر نے ریکارڈ تو کیا لیکن چالان کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اس اعترافی بیان کے مطابق کیس کی دوبارہ انکوائری شروع کی جا رہی ہے۔