Thursday, September 19, 2024

دینی جماعتیں پارلیمنٹ میں آ کر نظام مصطفیٰ کا نفاذ کریں : فضل الرحمان

دینی جماعتیں پارلیمنٹ میں آ کر نظام مصطفیٰ کا نفاذ کریں : فضل الرحمان
April 2, 2016
لاہور (92نیوز) جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ جلسوں میں کھڑے ہو کر تقریروں سے دنیا کو فتح نہیں کیا جا سکتا۔ دینی جماعتیں قوت بنیں اور پارلیمنٹ میں آ کر نظام مصطفی کا نفاذ کریں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نظام مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی استعمار اسلامی نظام سے خوفزدہ ہے اس لیے اسلام کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا تحفظ نسواں ایکٹ انہی سازشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران یہ تاثر دے رہے ہیں کہ دینی قوتیں خواتین پر تشدد کے حق میں ہیں۔ اگر حکمران ماں کی اولاد ہیں تو ہم بھی ماں کی اولاد ہیں۔ شوہر بھائی اور بیٹیوں والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے منظور کر دہ خواتین بل کو خفیہ کیوں رکھا گیا ہم اتحادی تھے مگر ہمیں بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ ہمارے احتجاج پر قانون پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کا قانونی بل لایا جا رہا ہے۔ اب حکمران قتل روکنا چاہتے ہیں یا سرے سے غیرت کا خاتمہ ہی کرنا چاہتے ہیں۔ ہم حکومت سے سنجیدہ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ نسواں بل کی شقوں کو غیراسلامی ثابت کریں گے‘ مذاکرات میں بیٹھیں ہم تجاویز دیں گے۔