Saturday, July 27, 2024

دیسی ائیر کولروں کی ”ولایتی“ قیمتیں، گرمی کے ستائے خریدارپریشان

دیسی ائیر کولروں کی ”ولایتی“ قیمتیں، گرمی کے ستائے خریدارپریشان
April 7, 2016
لاہور (92نیوز) سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کی ہیں تو عوام نے گرمی سے بچنے کیلئے ہاتھ پاوں مارنا شروع کر دیے ہیں۔ اے سی خریدنے اور اسے چلانے کی سکت نہ رکھنے والے ائیر کولر تو خرید رہے ہیں لیکن اس کی بڑھتی قیمتوں کا بھی شکوہ کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گرمی بڑھتے ہی پنکھوں کی ہوائیں بھی آگ پھینکنے لگتی ہیں۔ پھر ایئر کنڈیشن کی یاد آتی ہے لیکن غریب آدمی تو کیا متوسط طبقہ بھی اے سی خریدنے کی سکت نہیں رکھتا اور اگر خرید بھی لیا جائے تو ساری تنخواہ بجلی کے بل میں ہی نکل جاتی ہے۔ ایسے میں ایئر کولر واحد حل رہ جاتا ہے لیکن اب تو ا س کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں جس نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ دیسی ساخت کے عمدہ ائیر کولر بنانے والے کاریگر بھی اس بات کااقرار کرتے ہیں کہ ہر سال گرمی میں کولر کی قیمتیں بڑھتی ہیں لیکن اس میں قصور ان کا ہے نہ عوام کا۔ کولر میں استعمال ہونیوالا سامان ہی مہنگا ملتا ہے۔ ائیر کولر کی بڑھتی قیمتیں عوام کو پریشان تو کر رہی ہیں لیکن کولر پھر بھی بک رہے ہیں۔ لوگ کیا کریں گرمی سے بھی تو بچنا ہے۔