Tuesday, September 17, 2024

دہشت گرد بھاگ رہے ہیں‘ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرینگے: ڈی جی سندھ رینجرز

دہشت گرد بھاگ رہے ہیں‘ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرینگے: ڈی جی سندھ رینجرز
September 30, 2015
کراچی (92نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور تمام سکیورٹی ادارے ایک ہی پیج پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کورنگی ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجربرادری نے مشکل وقت میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں جس کیلئے وہ داد کے مستحق ہیں۔ شہر بھر میں تاجربرادری کو تحفظ فراہم کریں گے اور تمام جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ رینجرز ایک پروفیشنل ادارہ ہے جو مکمل ثبوت اور معلومات کے بعد کارروائی کرتا ہے۔ شہری رینجرز ہیلپ لائن کے توسط سے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیخلاف بھی آپریشن جاری ہے۔ شہر بھر سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔ کراچی میں آپریشن کے بعد دہشت گرد راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن میں پولیس کے کرادر کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیس شہر میں جاری آپریشن میں اپنا موثرکردار ادا کر رہی ہے۔