دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم متحد ہے، جنرل ندیم رضا
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان نیول اکیڈمی میں 115 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، آئی ایس پی آر کے مطابق نیول اکیڈمی سے 23 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد نیول اکیڈمی پی ایس رہبر منوڑہ، کراچی میں ہوا، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی پریڈ کے دوران موجود تھے۔
اس موقع پرتقریب سے خطاب میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا، دنیا، پاکستان کی متواتر امن کاوشوں کا حقیقی ادراک کرے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کے لیے پرعزم، پوری قوم دہشتگردی، انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نیول اکیڈمی سے 23 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس میں نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔