Saturday, July 27, 2024

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے نظیر بھٹو سمیت قیمتی جانیں گنوائیں، وزیر اعظم

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے نظیر بھٹو سمیت قیمتی جانیں گنوائیں، وزیر اعظم
April 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد میں بین الاقوامی انسداد دہشتگردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ناحق شہریوں کا خون بہا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بےنظیر بھٹو سمیت قیمتی جانیں گنوائیں، فوج، پولیس اور عوام نے ملکر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا، جس میں سیاسی اور معاشی نقصان بھی اٹھایا ۔ اب افغانستان میں امن صرف اور صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے ۔ ادھر وزیر خارجہ خواجہ محمد آٖصف نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں، جہاں سے پاکستان میں حملے کئے جاتے ہیں ۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے دن اب ختم ہو چکے ہیں ۔ دوسری طرف وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کیلئے سب کچھ قربان کیا ۔ سیکیورٹی فورسز، میڈیا، سیاستدانوں سمیت ہر شعبے نے دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، لیکن دہشتگردی کو الزام تراشی کے کھیل سے ختم نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی فورم کا مقصد دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاک بھارت مسائل کا حل ممکن نہیں، بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہو گا ۔