Tuesday, April 30, 2024

دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی بات کریں تو ملک دشمن کہا جاتا ہے ، بلاول بھٹو

دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی بات کریں تو ملک دشمن کہا جاتا ہے ، بلاول بھٹو
April 16, 2019

 کوئٹہ (92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی بات کریں تو ملک دشمن کہا جاتا ہے۔  

 سانحہ ہزار گنجی کے شہداء سے اظہار تعزیت کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہزارہ ٹاون میں امام بارگاہ ولی عصر پہنچے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی صدر علی مدد جتک دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 اس موقع پر انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی اور ہزار گنجی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ قابل افسوس ہے ، غم زدہ خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

 دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے جتک ہاوس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اس حکومت کے غلط اقدامات کی نشاندہی کرتے رہینگے۔ قومی دھارے میں لانا ہے تو متاثرین کو لائیں ، کالعدم تنظیموں کو نہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی اور میں عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ حاضر ہے۔ میرا تعلق بھی شہداء کے خاندان سے ہیں۔ میں زیادہ تر کوئٹہ کا دورہ اس وقت کرتا ہوں جب یہاں کے عوام کی آنکھیں نم ہوتی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ ٹی وی پر دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا کہتے ہیں۔ میرا سوال ہے کہ اب تک نیکٹا کا کون سا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں اتنا بڑا سانحہ ہوا ، وزیر اعظم نے آنے کی زحمت تک نہ کی۔

دوسری طرف صدر مملکت عارف علوی نے ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ میں شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا امن کے قیام کیلئے وفاق ، صوبائی حکومت کے ساتھ ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ملک دشمن عناصر کی پاکستان کی ترقی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔