دہشتگردوں کا سبی کے علاقے سنگان میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ ، پانچ جوان شہید
راولپنڈی (92 نیوز) دہشتگردوں نے سبی کے علاقے سنگان میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگردوں کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ آپریشن کے دوران ایف سی بلوچستان کے 5 بہادر جوان بھی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ اور سپاہی نور اللہ کا تعلق خبیر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت سے ہے جبکہ لانس نائیک ناصر عباس کا تعلق پنجاب کے ضلع بھکر اور لانس نائیک بشیر احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے ہے۔ واقعے کے فورا بعد سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا۔ دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے فرار کے تمام راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر دشمن انٹیلی جینس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔ دشمن کو کٹھن انداز میں حاصل کردہ بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ سکیورٹی فورسز اپنے خون اور جان سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتی رہیں گی۔