دہری شہریت پر زلفی بخاری کی نااہلی کیس میں تمام فریقین کو نوٹسز جاری

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے دہری شہریت پر زلفی بخاری کی نااہلی سے متعلق کیس میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے معاون خصوصی زلفی بخاری کی اہلیت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا معاون خصوصی کیلئے دہری شہریت کی قدغن ہے جس پر درخواست گزار نے موقف اپنایا زلفی بخاری برطانوی شہری اور وزیراعظم معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ہیں۔ آئین میں وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کوئی عہدہ ہی نہیں۔ وزیراعظم کو صرف پانچ مشیر رکھنے کی اجازت ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے معاون خصوصی کا عہدہ وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کے برابر کیسے ہوتا ہے؟۔
درخواست گزار کے بقول زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ دوہری شہریت رکھنے والا رکن پارلیمنٹ یا وزیر نہیں بن سکتا۔ یہ عہدے اسی لئے تخلیق کیے گئے ہیں کہ جو رکن نہیں بن سکتا اسے مشیر لگایا جا سکے۔
عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم عمران خان سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہو گی۔