Friday, May 3, 2024

دھان کے کھیتوں میں لگائی آگ سے نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی

دھان کے کھیتوں میں لگائی  آگ سے نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی
October 15, 2018
نئی دہلی ( 92 نیوز) دھان کے کھیتوں میں لگائی گئی آگ سے بھارتی دارالحکومت میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، نئی دہلی اور ممبئی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کوڑا کرکٹ جلے گا نہ ہی اینٹوں کے بھٹے چلیں گے ۔ بھارتی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں بڑے پیمانے پر دھان کے کھیتوں میں آگ لگائی جارہی ہے، جس نے پورے ملک کی فضا کو آلودہ کرنا شروع کردیا ہے۔ ہواؤں کا رخ دارالحکومت نئی دہلی کی جانب ہوا جہاں دس روز میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، ہر سو سموگ جیسی کیفیت بننے لگی ہے۔ نئی دہلی سرکار نے آلودگی پر قابو پانے کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، اس دوران کوڑا کرکٹ جلانے اور اینٹوں کے بھٹے چلانے پر پابندی عائد ہوگی،جو بھی خلاف ورزی کرے گا اسے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ جس کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، اس کے ساتھ ہی روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں کو صاف کرکے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا ۔ بھارت میں ہر برس اکتوبر اور نومبر میں دھان جبکہ اپریل میں گندم کی فصلوں کی باقیات کو جلایا جاتا ہے، جس کا مقصد کم وقت اور بغیر خرچ کے اگلی بوائی کی تیاری کرنا ہے، تاہم یہ اقدام خطے میں بڑے پیمانے پر آلودگی کا باعث بن رہا ہے  جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے ۔