Saturday, July 27, 2024

دوسوارب لانے کی بات اسحاق ڈارنے کی،گیس قیمتوں کا بوجھ غریب پر نہیں پڑیگا، اسدعمر

دوسوارب لانے کی بات اسحاق ڈارنے کی،گیس قیمتوں کا بوجھ غریب پر نہیں پڑیگا، اسدعمر
September 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی وزیر  خزانہ اسد عمر نے کہا کہ دو سو ارب روپے لانے کی بات میں نے نہیں ، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی تھی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی متاثر نہیں ہوگا ۔ قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گیس کی مد میں 154ارب کا خسارہ ن لیگ کی حکومت کا پیدا کردہ ہے، ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ہم نے کمی کی ، کھاد فیکٹریوں کو گیس مہنگی دینے سے کسان پر بوجھ نہیں پڑے گا ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے والے جان لیں، اب ٹیکس دینا ہو گا،گھنگھرو باندھ کر جو جائیدادیں خریدرہے ہیں یاد رکھیں ہم ان کے پیچھے جارہے ہیں ۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عام صارف متاثر نہیں ہوگا، ٹیکس صاحب ثروت طبقے پر لگایا گیا، ملکی تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں لیا گیا جتنا گزشتہ پانچ سال میں لیا گیا۔ وزیرخزانہ نے شہبازشریف کی دو سو ارب بیرون ملک سے لانے کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے دو سو ارب روپے لانے کی بات انہوں نے نہیں بلکہ اسحاق ڈار نے کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ کاش لیڈر آف اپوزیشن پچھلے پانچ سال کے دوران بھی ڈیموں پر کام کرتے۔