Wednesday, October 20, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

دوسراٹیسٹ،آسٹریلیا کی ٹیم 145 رنز پر ڈھیر،پاکستان نے دو وکٹوں پر 144رنز بنا لئے

دوسراٹیسٹ،آسٹریلیا کی ٹیم 145 رنز پر ڈھیر،پاکستان نے دو وکٹوں پر 144رنز بنا لئے
October 18, 2018
ابو ظہبی ( 92 نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ  ابو ظہبی میں جاری ہے ، دوسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 282رنز کے ہدف کے تعاقب میں  145 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنا لئے ۔ دوسری اننگز میں اوپنر محمد حفیظ آج پھر اچھا کھیل پیش نہ کر سکے ، محمد حفیظ 6رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں  4رنز بنائے تھے ۔ فخر زمان اور اظہر علی نے ٹیم کو اچھا سنبھالا دیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان نے دوسری اننگز میں بھی ففٹی اسکور کی ۔ وہ 66 اسکور بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ان کی اننگز میں 7چوکے بھی شامل تھے ۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دووکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے  جب کہ اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں  بیٹنگ  ابتدا میں لڑکھڑاہٹ کا شکار ہے ۔ گزشتہ میچ کے ہیرو عثمان خواجہ تین رنز پر ہی چلتے بنے جب کہ پیٹرسڈل 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ دوسرے روز کا سورج بھی آسٹریلیا کیلئے خوشخبری لے کر طلوع نہ ہوسکا اور وکٹوں کی پت جھڑ کا سلسلہ جاری رہا۔مچل سٹارک 34 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جانب سے نمایاں رہے  ۔ دیگر کوئی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔آسٹریلیا کے  5بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے  ۔ پاکستان کی جانب سے باؤلر محمد عباس نے 5 ،بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور  282 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کا اچھا آغاز نہ ہو سکا اور گزشتہ میچ میں سینچری داغنے والے پروفیسر محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جب کہ اظہر علی نے بھی  15رنز بنا کر ہمت ہار دی ۔ حارث سہیل ، ان کے بعد آنے والے اسد شفیق اور بابر اعظم نے قوم کو شدید مایوس کیا، تینوں  کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔حارث سہیل پہلی ، اسد شفیق اور بابر اعظم دوسری دوسری گیند پر چلتے بنے ۔ اوپنر فخر زمان کیساتھ کپتان سرفراز احمد نے کریز سنبھالی  اور دونوں نے آسٹریلین باؤلرز کا خوب امتحان لیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 94،94رنز اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط سہارا فراہم کیا۔ فخر زمان کی اننگز 8چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی  جبکہ کپتان سرفراز احمد کی اننگز میں بھی 7چوکے شامل تھے ۔ دیگر کوئی کھلاڑی قابل ذکر اسکور نہ کر سکا ، بلال آصف 12 ،یاسر شاہ 28، محمد عباس 10 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ میر حمزہ 4 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔پاکستان کے  6کھلاڑی کیچ آؤٹ ، تین کلین بولڈ اور ایک ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیئون نے 4،ماربس لیبوشگنے نے 3 ،مچل سٹار نے 2اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔