دوستانہ ٹی 10 میچ میں شاہد آفریدی الیون نے مصباح الیون کو شکست دیدی

فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوستانہ ٹی 10 میچ میں شاہد آفریدی الیون نے مصباح الیون کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں نے میچ کے دوران چوکوں چھکوں کی بارش کر دی ۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں چیرٹی ٹی 10 کرکٹ میچ کھیلا گیا ۔ بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیلے اور چوکوں چھکوں کی بارش کر دی ۔
پہلے کھیلنے کی دعوت پرمصباح الیون نے مقررہ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ شعیب ملک 84 اور فخر زمان 51 رنز بنا سکے ۔
جواب میں شاہد آفریدی الیون نے 9.4 اوورز میں 205 رنز اسکور کرکے میچ اپنے نام کر لیا ۔ بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کی ۔ لالہ کے 34 رنز کی بیٹنگ نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا ۔
فاتح ٹیم کے کپتان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل پاکستان لانے کا کریڈٹ نجم سیٹھی اور پی سی بی کو دیتا ہوں۔