دوحہ میں امریکی حکام اور طالبان کے درمیان ایک دن کے وقفے کے بعد امن مذاکرات دوبارہ شروع

دوحہ (92 نیوز) دوحہ میں امریکی حکام اور طالبان کے درمیان ایک دن کے وقفے کے بعد امن مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے دوحہ میں ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں نے جمعہ کے روز ہونے والے مذاکرات دوسری مصروفیات کی بنا پر ملتوی کیے تھے۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور اب تکنیکی پوائنٹس اور عملدرآمد کے میکنزم پر بات چیت ہو رہی ہے۔
سہیل شاہین نے مزید کہا کہ ان پوائنٹس پر اتفاق کے بعد معاہدہ مکمل ہو جائے گا۔ سہیل شاہین نے بتایا کہ معاہدہ کا اعلان ہمسایہ ممالک، چین، روس اور امریکی حکام کی موجودگی میں میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔