Thursday, September 19, 2024

دنیا میں شدید افلاس اور غربت کی سطح میں کمی آئی ہے: ورلڈ بینک

دنیا میں شدید افلاس اور غربت کی سطح میں کمی آئی ہے: ورلڈ بینک
October 5, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں انتہائی غربت کی سطح میں کمی ہوئی ہے اور دو ہزار پندرہ کے اختتام پر پہلی بار دنیا کی دس فیصد سے کم آبادی شدید افلاس کی سطح سے نیچے ہو گی جبکہ ورلڈ بینک نے انتہائی غربت کا پیمانہ بھی تبدیل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ انتہائی غربت کا نیا پیمانہ بنایا ہے جو کہ سوا ڈالر سے بڑھا کر 1.9 ڈالر کر دیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ دو ہزار بارہ میں انتہائی افلاس میں رہنے والے بارہ اعشاریہ آٹھ تھے جو کہ کم ہو کر نو اعشاریہ چھ فیصد رہ جائیں گے تاہم جنوبی افریقی ممالک میں افلاس زدہ لوگوں کی زیادہ تعداد میں ہونا تشویشناک ہے۔ عالمی بینک کے مطابق جنوبی افریقہ میں بھی افلاس زدہ لوگوں میں دو ہزار پندرہ کے اختتام تک کمی آئے گی اور یہ بیالیس اعشاریہ چھ سے کم ہو کر پینتیس اعشاریہ دو فیصد رہ جائے گی۔ اس کے باوجود اس خطے میں دنیا کے تقریباً نصف غریب آباد ہوں گے۔ ورلڈ بینک کے صدر جم یونگ کم نے کہا تاریخ عالم میں ہم پہلی نسل ہوں گے جوشدید غربت و افلاس کو ختم کر سکتے ہیں تاہم یونگ کم نے خبردار کیا ہے کہ سست رفتار عالمی اقتصادی ترقی، غیر مستحکم بازار، جنگوں، نوجوانوں میں بیروزگاری کی زیادہ شرح اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے نتیجے میں شدید افلاس میں کمی کی شرح کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہوگا۔