Saturday, July 27, 2024

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے ایسٹرکا تہوار جوش و خروش سے منایا

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے ایسٹرکا تہوار جوش و خروش سے منایا
April 16, 2017
لاہور(92نیوز)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری  نے آج مذہبی جوش و جذبے سے ایسٹر کا تہوار منایا ہے ۔ تفصیلا تکےمطابق لاہور، کراچی، ملتان اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے چرچز میں دعائیہ تقریبات اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات  تھے۔ لاہور میں مسیحی برادری نے ایسٹر کے موقع پر دن کا آغاز  چرچز میں مذہبی تقریبات سے کیا۔ کتھیڈرل چرچ میں مردو خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد دعائیہ تقریب میں شریک ہوئی۔ ملک وقوم کی سلامتی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ کراچی میں ایسٹر پر گرجا گھروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ مسیحی برادری کے افراد نے قبرستانوں میں جاکر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر پھول بھی چڑھائے۔ ملتان کی مسیحی برادری نے بھی ایسٹر کی عبادات کے لیے گرجا گھروں کا رخ کیا جبکہ فیصل آباد میں ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشی ناقابل بیان تھی۔ پشاور کی مسیحی برادری بھی ایسٹر کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایسٹر کی تقریبات جوش و خروش سے جاری رہی ہیں ۔