Friday, September 20, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 2 لاکھ 3 ہزار 596، 29 لاکھ 31 ہزار متاثر

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 2 لاکھ 3 ہزار 596، 29 لاکھ 31 ہزار متاثر
April 26, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار 596 ہو گئیں اور مریضوں کی تعداد 29 لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ امریکا میں مزید 2065 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی 8 لاکھ 36 ہزارسے زائد ہو چکی ہے۔ امریکا میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مجموعی ہلاکتیں 54 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ ادھر مزید 813 افراد ہلاکتوں کے بعد برطانیہ پانچواں ملک بن گیا جہاں کورونا سے 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دیگر 4 ملکوں میں امریکا، اٹلی، اسپین اور فرانس شامل ہیں۔ گزشتہ روز فرانس میں مزید 369 افراد ہلاک ہوئے تاہم فرانس میں نئے مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ اٹلی میں 415 اور اسپین میں مزید 378 افراد جان سے گئے۔ ترکی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ روس میں 74 ہزار مریض سامنے آ چکے ہیں تاہم روس میں کورونا مریضوں میں شرح اموات کم ہے اور وہ 27 لاکھ ٹیسٹ بھی کر چکا ہے۔ بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد 25 ہزار ہو گئی، بنگلہ دیش میں بھی 5 ہزار مریض سامنے آ چکے۔ برازیل اور کینیڈا میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بھارت نے کچھ اسٹور کھولنے کی اجازت دے دی۔ بیلجیئم نے بتدریج لاک ڈاؤن میں نرمی کا لائحہ عمل تیار کر لیا۔ اسپین کے بچے لاک ڈاؤن کے بعد پہلی مرتبہ تازہ ہوا میں کھیل کود سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اٹلی میں 4 مئی اورفرانس نے 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی ریاستوں جیورجیا، اوکلوہاما اورالاسکا نے بھی کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔