Thursday, September 19, 2024

دنیابھر کے ہیکرز کو چیلنج‘ امریکہ نے ویب سائٹ ہیک کرنے پر انعام کا اعلان کر دیا

دنیابھر کے ہیکرز کو چیلنج‘ امریکہ نے ویب سائٹ ہیک کرنے پر انعام کا اعلان کر دیا
March 7, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) اگر آپ ہیکر ہیں اور اپنے آپ کو سب کی نظر سے بچا کر رکھتے ہیں تو اب پریشانی ہوئی ختم اور وقت آ گیا باہر نکلنے کا۔ اب ہیکنگ کرنے پر بھی انعام ملے گا۔ جی ہاں! امریکی حکومت کی جانب سے ایک ایسے مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں کامیاب ہیکنگ پر انعام سے نوازا جائے گا۔ اگرچہ ہیکنگ کرنا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے مگر امریکی حکومت نے تو کچھ اور ہی اعلان کردیا۔ ہیکنگ کرنے والوں کی پکڑ نہیں بلکہ انہیں انعام سے نوازا جائے گا۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے ویب سائٹس کو محفوظ بنانے کی غرض سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے تحت ہیکرز کو چیلنج کیا جائے گا کہ وہ پینٹاگون کی ویب سائٹس کو ہیک کرکے دکھائیں اور اس کام کے لیے امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے ایسے ہیکرز کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس پروگرام کو ”ہیک دی پینٹاگون“ کا نام دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس پروگرام سے ویب سائٹ اور سکیورٹی سسٹم کی کمزوریوں کو دور کیا جاسکے گااور اس سے تمام ویب سائٹس کو فول پروف بنانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے ملک میں آئی ٹی کے حوالے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع بھی کی جارہی ہے۔ ہیکنگ کا یہ مقابلہ آئندہ ماہ شروع ہوگا۔