Thursday, September 29, 2022

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج زور آزمائیں گے

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج زور آزمائیں گے
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان سپر لیگ فائیو کے  رنگ جم گیا ،آج پہلا جوڑ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو دفعہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے مابین پڑے گا  ، دونوں ٹیموں میں کئی بڑے نام شامل ، جو  انفرادی کارکردگی سے کسی بھی وقت  میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ سرویوین رچرڈز کی مینٹور شپ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوعمر اکمل، احمد شہزاد  جیسے پاور ہٹرزکیساتھ ساتھ شین واٹسن ،جیسن روئے،بین کٹنگ،ٹائمل  ملزجیسے ٹاپ آل راؤنڈزکی خدمات  حاصل ہیں۔ محمد نواز اور فواد احمد اپنی گھومتی گیندوں سے حریفوں کو تگنی کا ناچ نچاسکتے ہیں  تو نوجوان اسپیڈگنز محمد حسنین اور نسیم شاہ بھی مخالف ٹیم کی وکٹیں اڑانے کیلئے تیار ہیں ۔ دوبار کی ٹائٹل ونر اسلام آباد یونائٹیڈ مضبوط اسکواڈ کیساتھ  مصباح الحق کی کوچنگ میں تیسری بار ٹرافی جیتنے کیلئے میدان میں اترے گی۔ نوجوان کپتان شاداب خان کو قیادت کے جوہردکھانے  کا بھرپور موقع ملے گا۔ ساؤتھ افریقن ٹاپ پیسر ڈیل اسٹین اسلام آباد یونائٹیڈ کا مضبوط پلر ہیں تو کولن انگرم،آصف علی،ڈیوڈ ملان ،کولن منرو،فل سالٹ اور لیونک رونکی بلے سے لاٹھی چارج کرنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں فہیم اشرف،رومان رئیس،عماد بٹ، حسین طلعت اور محمد موسیٰ  جیسے نوجوان کھلاڑی مخالف ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوسکتے ہیں۔