Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

دشمن ملک این جی اوز کو فنڈنگ کر کے دہشت گردی کرا رہا ہے اور حکومت کو علم ہی نہیں : سپریم کورٹ

دشمن ملک این جی اوز کو فنڈنگ کر کے دہشت گردی کرا رہا ہے اور حکومت کو علم ہی نہیں : سپریم کورٹ
July 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے این جی اوز کی فنڈنگ کے حوالے سے تمام صوبوں سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے این جی اوز کی فنڈنگ کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ رزاق مرزا ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ سپاہ صحابہ کو رشید ٹرسٹ، رحمت ٹرسٹ، انصاریہ ٹرسٹ فنڈنگ کر رہی ہیں۔ جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دہشت گرد نام بدل بدل کر کام کر رہے ہیں، آپ ان کا پیچھا ہی نہیں کر رہے۔ حکومت نے پاکستان کو میکسکو بنایا ہوا ہے۔ کسی این جی او کو دشمن ملک فنڈنگ کرکے دہشت گردی کروا رہا ہے اور آپ کو علم ہی نہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سات ماہ اور چار دن ہو گئے حکومتوں نے کچھ نہیں کیا۔ملک کی تباہی پر چشم پوشی نہیں کر سکتے۔ جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دہشت گرد تنظیم نام بدل لیتی ہے اسکا مطلب یہ نہیں کہ وہ زم زم سے پاک ہوگئی۔ جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں کل 47 ہزار 432 این جی اوز ہیں اور 13 ہزار 703 مدارس ہیں۔ پنجاب کی این جی اوز کو 31 فیصد عالمی ڈونر جبکہ 69 فیصد لوکل فنڈنگ مل رہی ہیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ باران نامی این جی او کو ڈبلیو ایچ او نے 8 کروڑ کے فنڈ دیئے، یہ فنڈز قبائلی علاقوں میں کہاں اور کیسے استعمال ہوئے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کو کالعدم قرار دینے کے نوٹیفکیشن صرف کاغذ کا ٹکڑا ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کی جانب سے این جی اوز کے حوالے سے کوئی تفصیلات عدالت کو فراہم نہیں کی جاسکیں۔