دریائے چناب پر ڈیم کی تعمیر کیلئے نمونہ جات کی فزیبلٹی رپورٹ تیار

چنیوٹ (نائنٹی ٹو نیوز) چنیوٹ میں دریائے چناب پر ڈیم کی تعمیر کے منصوبے کیلئے نمونہ جات کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس کے مطابق یہاں کے پہاڑوں اور دریا کی مٹی میں پانی روکنے کی سکت ظاہر ہوئی ہے۔
چنیوٹ میں دریائے چناب پر پہاڑوں کے بیچ ایسا قدرتی سلسلہ ہے کہ یہاں بڑے پیمانے پر پانی کا ذخیرہ کیا جا سکتا ہے، اس لیے یہاں پر ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں واپڈا واٹر ونگ کے پلاننگ اینڈ انوسٹی گیشن سیل کے خصوصی یونٹ نے یہاں اپنا کام شروع کر رکھا ہے۔ منصوبے کیلئے نمونہ جات کی فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق یہاں کے پہاڑوں اور دریا کی مٹی میں پانی روکنے کی سکت موجود ہے اور اب بھاری مشینوں کے ذریعہ 11 مقامات پر ٹیسٹ بور ڈرلنگ کی جا رہی ہے۔
ڈیم کے رقبہ اور جھیل کی اونچائی کی فزیبلٹی رپورٹ تیار ہوتے ہی ہائیڈرو پاور سٹوریج ڈیم کی باقاعدہ تعمیر کا آغاز آئندہ مالی سال میں متوقع ہے۔ دریائے چناب کے مقام پر ڈیم کی تعمیر سے جہاں پاور جنریشن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا وہیں گردونواح کے متعدد علاقوں میں ہر سال آنیوالی سیلابی تباہ کاریوں سے بھی بچا جا سکے گا۔