Saturday, July 27, 2024

دریائے راوی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری

دریائے راوی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری
February 4, 2017

لاہور (92نیوز) اوکاڑہ کے قریب سید والا پتن پر دریائے راوی میں کشتی الٹ جانے سے ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کے ماہر غوطہ خور بھی اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس دوران سید والا پتن پر ریسکیو اہلکاروں کی کشتی زیرتعمیر پل سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور کشتی پر سوار چار ریسکیو اہلکار پانی میں ڈوب گئے جن کو بعد میں پانی سے نکال لیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب کے درمیان سید والا پل کے قریب کشتی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں اس پر سوار کئی افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب کی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں جس کے بعد ڈوبنے والوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔