Saturday, July 27, 2024

دبئی میں مزید 96 پاکستانیوں کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے ، ایف آئی اے رپورٹ

دبئی میں مزید 96 پاکستانیوں کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے ، ایف آئی اے رپورٹ
January 1, 2019
اسلام اباد (92 نیوز) ایف آئی اے نے جائیدادوں سے متعلق رپورٹ میں دبئی میں مزید 96 پاکستانیوں کی جائیدادوں کا انکشاف کر دیا۔ 57 افراد تعاون نہیں کر رہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش ہو گئی جس میں بتایا گیا کہ 1211 پاکستانی جائیدادوں کے مالک ہیں۔ 774 نے بیان حلفی جمع کرایا۔ 363 کو نوٹسز جاری کیے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق 60 کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ ایک شخص فرار ہے۔ 57 افراد تعاون نہیں کر رہے۔ 60 پاکستانی ایسے ہیں جن کی شناخت نہ ہو سکی۔ مزید 96 افراد کی جائیدادوں بھی سامنے ائی ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا علیمہ خان نے رقم ادا کر دی؟؟۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ علیمہ خان نے 2 کروڑ 94 لاکھ روپے ادا کرنا ہیں۔ ان کے پاس 13 جنوری تک کا وقت ہے۔ اب تک 167 ملین کی ادائیگی ٹیکس کی مد میں جمع ہو چکی ہے۔ 140 ملین کی ادائیگیوں کا مزید تعین کر لیا۔13 جنوری کو مفصل رپورٹ جمع کرائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان سے پیسہ اڑا کر باہر لے جایا گیا۔ تاثر دیا گیا تھا کہ 3 ہزار ارب روپے مل سکتے ہیں۔ ایف بی آر عدالت پر ذمہ داری ڈال رہا ہے ،آپ جس سپیڈ سے چل رہے ہیں یہ کام کب تک مکمل ہو گا؟؟؟۔ کام جتنا جلدی مکمل ہو ملک مستحکم ہو گا۔ عدالت نے ایف بی آر اور ایف آئی اے سے 14 جنوری تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔