خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیراکرام اللہ گنڈاپور کا عمران خان کو خط

ڈیرہ اسماعیل(92نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈاپور نے اپنے بھائی سابق وزیر اسراراللہ گنڈاپور پر خودکش حملے کی تحقیقات میں پیش رفت نہ ہونے پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نام خط لکھ دیا ہے خط کی کاپی 92 نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈاپور نے لکھے گئے خط میں احتجاج کیا ہے کہ ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر قانون اسراراللہ گنڈاپور ڈیڑھ برس قبل خودکش حملے میں نشانہ بنےمگر تاحال ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں پیش رفت نہ ہونے پر ان کے حلقہ انتخاب میں تشویش پائی جاتی ہے ۔
اکرام اللہ گنڈا پورنےمطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ فوجی افسر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے کمیٹی میں حفیہ اداروں کو بھی شامل کیا جائے۔
خط میں تحقیقات کی روشنی میں ملوث پائے جانے والے افراد کا ٹرائیل ملٹری کورٹ میں کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔
خط کی کاپی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھی بھیج دی گئی ہے۔