Friday, September 30, 2022

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں اگر دھاندلی کی کوئی شکایت ہوئی تو صوبائی حکومت فوری جائزہ لے گی:عمران خان

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں اگر دھاندلی کی کوئی شکایت ہوئی تو صوبائی حکومت فوری جائزہ لے گی:عمران خان
میانوالی(92نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواکے بلدیاتی انتخابات ایک انقلاب ہے اب فنڈ ز نچلی سطح پر جائیں گے اور وزیر اعلیٰ سارے فنڈ اپنے پاس نہیں رکھے گا ۔ میانوالی میں نمل کالج کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو صوبائی حکومت فوری طور پر خود جائزہ لے گی ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے 92 نیوز کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین نے اقتصادی راہداری خیرات میں نہیں دی بلکہ وہ اپنے مغربی پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا چاہتا ہے ۔ ہماری حکومت کو بھی چاہئیے کہ میانوالی اور ڈی آئی خان جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم بنےتو سب سے پہلے غربت اور پسماندگی کے خاتمے کی کوشش کریں گے ۔عمران خان کا کہناتھا کہ نادرا کے چئیرمین پر نواز شریف کادباؤ ہے اس لئے وہ عدالت میں پیش ہونے کی بجائے رخصت پر چلا گیا ۔ تحریک انصاف کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے اس لئے پارٹی کے الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کے بعد پارٹی کی تنظیمیں توڑ کر عبوری سیٹ اپ لائے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ 2015 ء عام انتخابات کا سال ہو اور اس کے بعد ہم پارٹی انتخابات بھی کرائیں ۔ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے نمل کالج پہنچے ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ریحام خان کے علاوہ پاکستان اور بیرون ملک کے ڈونرز بھی موجود تھے ۔ جونمل کالج کے توسیعی منصوبے کے لئے فنڈز دینے آئے تھے ۔ اس موقع پرعمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔