خیبر پختونخوا،مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد،عمران ،شہباز، بلاول کے منظور
پشاور ( 92 نیوز) الیکشن 2018 کے انتخابات کیلئے خیبرپختونخوا سے سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویزمشرف آؤٹ ہو گئے جب کہ عمران خان، شہباز شریف،بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، اسفندیارولی، آفتاب شیرپاؤ، سردارمہتاب، مرتضٰی جاوید عباسی اور امیرمقام کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ۔
خیبرپختونخوا میں بھی الیکشن 2018 کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوگیا ، سابق صدرپرویزمشرف کا 2013 کے بعد 2018 میں بھی چترال این اے ون سے الیکشن لڑنے کا خواب پورا نہ ہوسکا، ریٹرنگ افسر نے پشاورہائی کورٹ کے 2013 کے فیصلے کی روشنی میں پرویزمشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 2013 کے بعد 2018 کے انتخابات میں بھی اہل قرار پائے، این اے 35 بنوں سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے ان کے خلاف داخل تمام اعتراضات مسترد کردیئے۔ ان کا مقابلہ سابق وزیراعلٰی ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی سے ہوگا۔
خیبرپختونخوا سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری روز سرخرو ہونے والوں میں این اے 3 سوات سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، این اے 2 سےامیرمقام، ایبٹ آباد سے سابق گورنرسردارمہتاب، سابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی، ڈیرہ اسماعیل خان سے مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری، اسفندیارولی، سراج الحق، آفتاب شیرپاؤ کے کاغذات نامزدگی پہلے ہی منظورہوچکے ہیں۔
پشاورسے قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پرکسی ایک بھی امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں ہوئے ، پی ٹی آئی کے نورعالم خان، اے این پی کے غلام احمد بلورسمیت 70 امیدوار میدان میں آگئے۔