خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ پنجاب نے جیت لی
پشاور (92نیوز) پشاور میں دوسری گورنرخیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ پنجاب نے جیت لی ہے۔ مردوں کے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ہائرایجوکیشن کمیشن کو شکست، خواتین ٹیم ایونٹ میں خیبرپختونخوا فاتح رہا۔ خصوصی افراد کے مقابلوں نے چیمپئن شپ کو بھی خاص بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے قیوم سٹیڈیم میں دوسری گورنر خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے اسی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ میں ٹیم ایونٹ کے علاوہ انفرادی سنگل اور ڈبل مقابلے بھی ہوئے۔
مردوں کا ٹیم ایونٹ فائنل پنجاب اور ایچ ای سی کے درمیان کھیلا گیا۔ پنجاب کی ٹیم مدمقابل پر چھائی رہی اور چیمپئن شپ جیت لی۔ خواتین کے ٹیم ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم فاتح رہی۔ خیبرپختونخوا کی خواتین نے آزادکشمیر کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔
انفرادی مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے فہد خواجہ اورکائنات ملک فاتح رہیں۔ چیمپئن شپ کا سب سے خاص ایونٹ خصوصی افراد کا مقابلہ تھاجو چترال کے الطاف الرحمان نے جیت لیا۔ مقابلوں میں فتح یاب ہونے والے کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی۔