Thursday, December 1, 2022

خیبرپختونخوا میں گریڈ 11اور اوپر کی تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرنیکا حکم

خیبرپختونخوا میں گریڈ 11اور اوپر کی تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرنیکا حکم

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں گریڈ 11 اور اس سے اوپر کی تعیناتیاں صوبائی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا  میں گریڈ 11 اور اس سے اوپر کی تعیناتیاں صوبائی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی حکومت نے عادت بنا لی ہے کہ ہر درخواست دیر سے دائر کرنی ہے، جب تک نئی بھرتیاں نہیں ہو جاتی موجودہ ملازمین ان عہدوں پر کام کرتے رہیں گے۔

سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس  کی سماعت  چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی  ، درخواست تاخیر سے دائر کرنے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا پر سخت اظہار برہمی کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ  صوبائی حکومت نے عادت بنا لی ہے کہ ہر درخواست دیر سے دائر کرنی ہے ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کیا اور کہا وزیراعلیٰ کا بیان حلفی جمع کرائیں ، اب جب بھی تاخیر سے درخواست آئے گی ساتھ وزیر اعلیٰ کا بیان حلفی ہونا چاہیے، بیان حلفی ہوگا تو عدالت اپنا حکم دے گی ۔

خیبرپختونخوا کے وکیل نے دلائل دئیے کہ اگر ان ملازمین کو ریگولر کیا تو پھر ایک نیا پنڈورا بکس کھل جائے گا اور ملازمین بھی عدالت آ جائیں گے ،  جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ  آپ اپنا پنڈورا بکس بند کرنے کیلئے ہمارا پنڈورا بکس کیوں کھول رہے ہیں؟ ، جو باتیں آپ اب کر رہے ہیں فیصلہ آنے سے پہلے ہمیں کیوں نہیں بتائی گئیں؟ ،آپ ہر چیز عدالت میں جا کر چیلنج کر دیتے ہیں، آپ کے پی حکومت کو چلنے کیوں نہیں دیتے؟ ، اگر کسی کو نوکری چاہیے تو پبلک سروس کمیشن سے آنا ہوگا۔

عدالت نے خیبرپختونخوا میں گریڈ 11 اور اس سے اوپر کی تعیناتیاں صوبائی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے چھ ماہ میں کرنے کا حکم دے دیا۔