پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف اسپتالوں میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے تیس افراد کورونا وائرس کے وار کا شکار ہو گئے، محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک صوبے کے تین اضلاع میں کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور دیگر عملہ اس وائرس کا نشانہ بن چکا ہے،کورونا کے وار کا شکار ہونے والے طبی عملہ کے تیس افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا۔
طبی عملے کے مطابق حفاظتی کٹس کی کمی اور بروقت فراہمی نہ ہونے کے باعث اس وائرس نے اس کے خلاف برسر پیکار عملے کو سب سے پہلے نشانہ بنایا۔ طبی عملے کو گھروں کو بھجوانے کی بجائے انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے تاکہ ان کے خاندان کے افراد اس وباء کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔
طبی عملے کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلکس کی دو نرسز اس وائرس کا تازہ شکار ہیں، دونوں نرسز کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔