Wednesday, September 18, 2024

خیبرپختونخوا حکومت کی سادگی ‘ ناظمین کو تربیت کیلئے فائیوسٹار ہوٹل میں بلالیا

خیبرپختونخوا حکومت کی سادگی ‘ ناظمین کو تربیت کیلئے فائیوسٹار ہوٹل میں بلالیا
October 7, 2015
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا حکومت سادگی اختیار کرنے کے دعوے تو بہت کرتی ہے مگر جب ناظمین کی تربیت کا مرحلہ آیا تو اس مقصد کے لئے بنائے گئے جدید سرکاری سکول میں تربیت اور قیام کی بجائے بڑے ہوٹل میں لاکھوں روپے ہوا میں اڑا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہو گئے ہیں مگر ان حکومتوں کے کام کا آغاز ہی شہ خرچیوں سے کیا گیا۔ حکومت نے ناظمین کی تربیت کے لئے جدید ترین لوکل گورننس سکول قائم کیا جس پر کروڑوں کی لاگت آئی مگر جب ناظمین کی تربیت کا مرحلہ آیا تو اس کا اہتمام سکول کی بجائے فائیو سٹار ہوٹل میں کیا گیا۔ تربیت کے لئے دور دراز کے اضلاع سے آنے والے ناظمین کو شہر کے سب سے بڑے ہوٹل میں تین دن قیام و طعام کی سہولت دی گئی۔ حکومت اگر لوکل گورننس سکول کو استعمال میں لاتی تو مہنگے ہوٹلوں کے اخراجات کی بچت ہو سکتی تھی۔ اس غفلت کا ذمہ دار کون ہے حکومت اس پر حسب روایت خاموش ہی رہے گی۔