خیبرپختونخوا حکومت نے نو ماسک نو سروس پر عملدرآمد شروع کردیا

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے ’’نو ماسک نو سروس‘‘ پر عمل درآمد شروع کردیا ،ضلعی انتظامیہ نے دکانوں پر ماسک پہننے کی پابندی کا ہدایت نامہ چسپاں کردیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قید اور جرمانہ کی سزا ہوگی۔ بڑی دکانوں اور آؤٹ لٹس پر ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد جبکہ چھوٹی دکانوں پر ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔
پشاور کے صدر بازار میں چھوٹے دکاندار اور خریدار ماسک پہننے کی پابندی سے لاعلم رہے ، ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے کی نہ صرف دکان سیل ہوسکتی ہے بلکہ قید و جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔
صوبائی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ کاروبار کھولنے کی اجازت کورونا ایس او پیز کی پابندی سے مشروط ہے دکاندار اور خریدار ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ تاکہ اس وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔