Saturday, July 27, 2024

خون نکالے بغیر شوگر کی مقدار بتانے والے آلے کی ایجاد پر پیشرفت‘ تجربات جاری

خون نکالے بغیر شوگر کی مقدار بتانے والے آلے کی ایجاد پر پیشرفت‘ تجربات جاری
May 7, 2016
لندن (ویب ڈیسک) برطانوی ماہرین نے خون میں شوگر کی مقدار معلوم کرنے کا جدید آلہ ایجاد کر لیا۔ آلے کی مدد سے جلد میں سوئی چبھوئے بغیر مائیکرو ویو شعاعوں کی مدد سے خون میں شوگر کی مقدار معلوم کی جا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کارڈف یونیورسٹی سے وابستہ محققین کا کہنا ہے کہ روایتی طور پر خون میں شوگر کی مقدار معلوم کرنے کیلئے خون نکالا جاتا ہے مگر جدید آلے کی بدولت اب ایسا نہیں کیا جا سکے گا۔ ماہرین کے مطابق اس آلے کو کسی بھی چپکنے والی شے کے ساتھ بازو پر یا جسم پر لگایا جا سکتا ہے۔ یہ آلہ زیادہ عرصہ چلے گا اور اس میں کسی قسم کا کیمیکل بھی موجود نہیں ہو گا۔ اس آلے سے حاصل شدہ نتائج کو باآسانی کمپیوٹر یا موبائل ایپلی کیشن میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے اگرچہ آلہ مائیکرو ویو شعاعیں خارج کرتا ہے لیکن یہ اتنے کم درجے کی ہوتی ہیں کہ ان کا کوئی نقصان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیابھر میں ذیابیطس خطرناک مرض کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اگر یہ آلہ کامیابی سے اپنی منازل طے کر لیتا ہے تو یقینا اس سے ذیابیطس کیخلاف لڑنا مزید آسان ہو جائے گا۔ سائنسدانوں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس آلے کو مارکیٹ میں آنے کے لیے ابھی پانچ سال درکار ہیں۔