خواہش ہے کہ افغانستان میں امن ہو،امریکہ نے پالیسی پر نظرثانی کی ،شاہ محمود قریشی

ملتان ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، امریکہ نے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کی ہے ، امریکہ اور طالبان کا مل بیٹھنا خوش آئند ہے ، پاکستان نے بھرپور انداز سے مسئلہ کشمیر اٹھایا ، بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، طالبان کیساتھ غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئے ، ہم نے کشمیر کے مسئلے پر بات کی اور اقوام متحدہ نےخود مانا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے ، عافیہ صدیقی کےبدلے شکیل آفریدی کی رہائی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پورا پورا موقع دیا گیا کہ وہ اپنی تمام دستاویزات جمع کرائیں ، عدلیہ آزاد ہے وہ جو فیصلے کرے گی قبول کریں گے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں عوام کیساتھ ناانصافی ہوئی ہے اب اس کا ازالہ کریں گے ، تحریک انصٓف کی خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے لیکن اس کیلئے قانون سازی کا عمل درکار ہے ۔